اللہ نے سن لی اس عورت کی بات (جو اے نبی ﷺ !) آپ سے جھگڑ رہی ہے اپنے شوہر کے بارے میں اور وہ اللہ سے بھی فریاد کر رہی ہے۔ اور اللہ سن رہا ہے آپ دونوں کے مابین ہونے والی گفتگو۔ یقینا اللہ سب کچھ سننے والا سب کچھ دیکھنے والا ہے۔
(اے مسلمانو !) تم میں سے جو لوگ اپنی بیویوں کو مائیں کہہ بیٹھتے ہیں وہ ان کی مائیں نہیں بن جاتی ہیں۔ ان کی مائیں تو وہی ہیں جنہوں نے انہیں جنا ہے البتہ یہ لوگ ایک نہایت ناپسندیدہ اور جھوٹی بات کہتے ہیں۔ اور یقینا اللہ بہت معاف فرمانے والا بہت بخشنے والا ہے۔